بنیادی صفحہ / ادبی خبریں / ’ہندوستان میں عربی ادب کی انسائیکلوپیڈیا کونسل مرتب کرے گی: پروفیسر ارتضیٰ کریم

’ہندوستان میں عربی ادب کی انسائیکلوپیڈیا کونسل مرتب کرے گی: پروفیسر ارتضیٰ کریم

DSC_0032

قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں عربی زبان و ادب پینل کی میٹنگ کا انعقاد

نئی دہلی: ہندوستان میں عربی ادب کی ایک انسائیکلوپیڈیا اردو زبان میں تیار کی جائے گی اس کا فیصلہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں عربی زبان پینل کی میٹنگ میں لیا گیا۔ اس تعلق سے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے کہا کہ اردو اورعربی دونوں زبانیں الگ لسانی خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر دونوں کے مابین تہذیبی اور ثقافتی سطح پر بڑی قربت ہے۔ عربی زبان و ادب نے اردو کی لسانی ثروت اور علمی سرمایے میں گراں قدر اضافہ کیا ہے۔ خاص طور پر ہندوستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہاں عربی زبان سے وابستہ ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کی ایک بڑی تعداد رہی ہے جنھوں نے عربی زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اس لیے قومی اردو کونسل ہندوستان میں عربی ادب کے وسیع تر منظرنامے سے اردو داں طبقے کو واقف کرانا اپنا فرض منصبی سمجھتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دورِ قدیم سے ہی ہندوستان میں عربی زبان کی بڑی اہمیت اور معنویت رہی ہے اور جدید دور میں تو اس کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے کہ یہ زبان روزگار سے مربوط ہے۔ غیرمسلم طبقے میں بھی اس زبان کو سیکھنے کا ذوق بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ قومی اردو کونسل کو عربی زبان کی اہمیت و معنویت کا احساس ہے اسی لیے کونسل اس کے فروغ کے لیے کئی اسکیمیں چلا رہی ہے۔ قومی اردو کونسل اردو عربی کتابوں کی خریداری، مسودوں کی طباعت اور سمینار پر بھی مالی تعاون دیتی ہے۔ اس کے علاوہ فاصلاتی تعلیم کے ذریعے فنکشنل عربک ڈپلومہ، فنکشنل عربک کورسز بھی چلائے جاتے ہیں جس کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں اسٹڈی سینٹر قائم کیے گئے ہیں اور ان میں طلبا کی اچھی خاصی تعداد ہے۔ عربی زبان پینل کی میٹنگ میں عربی ادب کی تاریخ ماقبل اسلام تا دور جدید کو مرتب کرنے پر بھی ممبران نے زور دیا اور اس کے لیے خاکے بھی تیار کیے گئے تاکہ اس کی روشنی میں عربی ادب کی پوری تاریخ ترتیب و تشکیل دی جاسکے۔ اس موقعے پر ہندوستانی غزل گو شعرا کے کلام کو اردو سے عربی میں ترجمہ کرنے کے پروجیکٹ پر بھی غور کیا گیا۔ عربی زبان کے فروغ کے کچھ اور منصوبوں پر بھی ممبران نے اظہارِ خیال کیا۔
عربی زبان پینل کی اس میٹنگ میں پروفیسر محسن عثمانی، پروفیسر نعمان خان، پروفیسر کفیل احمد قاسمی، پروفیسر مسعود انور علوی، پروفیسر حسنین اختر کے علاوہ کونسل کے پرنسپل پبلی کیشن آفیسر ڈاکٹر شمس اقبال، اسسٹنٹ ڈائرکٹر اکیڈمک شمع کوثر یزدانی، جناب فیروز عالم اور محترمہ آبگینہ عارف نے شرکت کی۔

(رابطہ عامہ سیل)

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*